سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں۔فتنۃ الہند کے 15 دہشتگرد ہلاک
ہرنائی میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پرانٹیلی جنس آپریشن کیا گیا۔آئی ایس پی آر
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی یافتہ 15 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پرانٹیلی جنس آپریشن کیا گیا، خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 12خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو گھیر کر بھرپور کارروائی کی۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع بسیما میں بھی آپریشن کے دوران بھارتی سرپرست یافتہ 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے، فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کا سراغ لگا کرمؤثر اور فیصلہ کن کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث اور سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھے، سکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی سرپرست یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔