پیٹرول قیمت میں تخمینے سے کم اضافہ کیا گیا،حالات بہتر ہوتے ہی کمی ہوگی،عظمیٰ بخاری

عالمی جنگی صورتحال کے اثرات معیشت پر پڑ رہے ہیں اور اسی وجہ سے پیٹرول کی قیمت بڑھانا آسان فیصلہ نہیں تھا

               
March 7, 2026 · قومی

 

پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ عالمی حالات کے باعث معیشت دباؤ کا شکار ہے، تاہم پیٹرول کی قیمت میں اضافہ تخمینے سے کم رکھا گیا ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی قیمتوں میں کمی لانے کی کوشش کی جائے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ذیشان رفیق کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی جنگی صورتحال کے اثرات معیشت پر پڑ رہے ہیں اور اسی وجہ سے پیٹرول کی قیمت بڑھانا آسان فیصلہ نہیں تھا، تاہم حکومت نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافہ کم سے کم رکھا۔

اس سے قبل مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، صاف پانی کی فراہمی اور مثالی گاؤں منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مون سون سے پہلے نکاسی آب کے منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ صوبے میں پانی کی کمی اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے پہلی بار 358 زیر زمین اسٹوریج ٹینک تعمیر کیے جائیں گے جبکہ شہروں میں بارش کے پانی کے نکاس کے لیے 34 بڑے زیر زمین واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے کے لیے ری چارج ویل بھی قائم کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق مختلف شہروں میں سیوریج اور سڑکوں کے منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت ہزاروں کلومیٹر سیوریج لائنیں بچھانے، درجنوں ڈسپوزل اسٹیشنز کی بحالی اور نئے اسٹیشن بنانے کے علاوہ اسٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں جبکہ مثالی گاؤں منصوبے کے تحت سینکڑوں دیہات میں اربوں روپے کی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹس فعال بنانے اور دیہات میں پختہ گلیاں بنانے کی ہدایت بھی کی۔

نیوز کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں سیوریج کے نظام کی بہتری کے لیے تقریباً 500 ارب روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق تمام ٹھیکے ای ٹینڈرنگ کے ذریعے دیے گئے جس سے 13 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت نے پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کسی کو بھی پیٹرول ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔