شیمپو خریدتے وقت صرف برانڈ نہیں، انگریڈینٹس دیکھنا کیوں ضروری ہے؟
زیادہ تر شیمپو میں چند عام کیمیکلز پائے جاتے ہیں جن میں سوڈیم لوریتھ سلفیٹ، ڈائمیتھیکون اور فارملڈیہائیڈ شامل ہیں۔
شیمپو خریدتے وقت اکثر لوگ خوشبو، قیمت یا برانڈ کو اہمیت دیتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق اصل فرق شیمپو کے انگریڈینٹس میں ہوتا ہے۔ بالوں کی صحت کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ شیمپو میں کون سے کیمیکل شامل ہیں اور وہ بالوں پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق زیادہ تر شیمپو میں چند عام کیمیکلز پائے جاتے ہیں جن میں سوڈیم لوریتھ سلفیٹ، ڈائمیتھیکون اور فارملڈیہائیڈ شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مادے بالوں کے قدرتی تیل کو کم کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں بالوں کی جڑیں کمزور اور سر کی جلد خشک ہو سکتی ہے۔
جرنل آف کاسمیٹک سائنس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق سلفیٹ والے شیمپو بالوں کی سطح سے لپڈ نامی قدرتی چکنائی کو کم کر دیتے ہیں۔ یہی چکنائی بالوں کو مضبوط اور صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ شیمپو خریدتے وقت بوتل کے پیچھے درج اجزاء کو ضرور پڑھا جائے۔ اگر کسی کیمیکل کا نام اجزاء کی فہرست کے شروع میں درج ہو تو اس کا مطلب ہے کہ اس کی مقدار زیادہ ہے، جبکہ آخر میں درج ہونے کا مطلب مقدار کم ہونا ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صارفین کو چاہیے کہ وہ ایسے شیمپو کا انتخاب کریں جن میں سخت کیمیکلز کم ہوں یا قدرتی اجزاء شامل ہوں، تاکہ بالوں اور سر کی جلد کو غیر ضروری نقصان سے بچایا جا سکے۔