لاکھوں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھیں گے، تیاریاں مکمل

معتکفین ہزار راتوں میں افضل رات لیلۃ القدر کی تلاش کریں گے، اور عید الفطر کے چاند نظر آنے پر اعتکاف ختم کیا جائے گا۔

               
March 10, 2026 · قومی

کراچی: ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں آج 20 رمضان المبارک کے بعد نماز عصر سے لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ معتکفین ہزار راتوں میں افضل رات لیلۃ القدر کی تلاش کریں گے، اور عید الفطر کے چاند نظر آنے پر اعتکاف ختم کیا جائے گا۔

مساجد میں اعتکاف کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، مساجد کی رونقیں بڑھ جائیں گی اور خواتین اپنے گھروں میں اعتکاف کریں گی۔ مساجد کی کمیٹیوں نے معتکفین کے لیے سحر و افطار کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ رواں سال مختلف دینی جماعتوں اور اداروں کی جانب سے اجتماعی اعتکاف کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں، جن میں داتا دربار مسجد میں تقریباً 1,600 افراد، تاریخی بادشاہی مسجد میں 800 افراد، اور جامع مسجد القادسیہ، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ اور جامع مسجد شہداء سمیت دیگر مساجد میں ہزاروں افراد شامل ہوں گے۔ داتا دربار میں معتکفین کے قیام و طعام کے اخراجات محکمہ اوقاف برداشت کرے گا۔

دوسری جانب سعودی عرب میں آج 21 واں روزہ ہے اور مسجد الحرام و مسجد نبوی سمیت سعودی مساجد میں اعتکاف کا آغاز گزشتہ شب سے ہو چکا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق مسجد نبوی میں 3,200 جبکہ مسجد الحرام میں 3,000 افراد اعتکاف کر رہے ہیں۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ نے اعتکاف کے لیے چار مرکزی ہالوں میں 48 مقامات مختص کیے ہیں، مردوں کے لیے مشرقی چھت جبکہ خواتین کے لیے مشرقی سمت کی توسیع شدہ جگہ میں انتظام کیا گیا ہے۔