سندھ میں بھی اسکول 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ

سندھ کے سرکاری اداروں میں جمعہ کو ورک فرام ہوم ہوگا، شرجیل میمن

               
March 10, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی : سندھ کابینہ کے اجلاس میں صوبے بھر میں اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

توانائی کی بچت کے اقدامات کے پیشِ نظر صوبائی کابینہ نے اسکولز کو 31 مارچ تک بند رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔

فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسکولز بند ہونے کے باوجود امتحانات اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اسکولز 16 سے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، نئی گاڑیوں اور فرنیچر خریداری پر پابندی عائد کردی گئی ہے، وزراء نے پولیس سیکیورٹی کی گاڑیاں سرینڈر کی ہیں، 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو 2 ماہ کےلیے بند کیا جارہا ہے، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 2 ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارا بیانہ ریاست کے ساتھ ہے،سوچ حکومت کے ساتھ ہے، جمعہ کو سرکاری دفاتر میں تعطیل نہیں ہوگی بلکہ ورک فرام ہوم ہوگا، سرکاری دفاتر میں ریفریشمنٹ پر 2 ماہ کےلیے پابندی عائد ہوگی، غیر ضروری پروٹوکول سے اجتناب کیا جائے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ایم پی اے کی تنخواہ سے متعلق فیصلہ سندھ اسمبلی کرے گی، کوئی بھی سرکاری تقریب کسی ہوٹل میں نہیں ہوگی، سرکاری عمارت میں ہی ہوگی۔

انہوں نے  کہا کہ کفایت شعاری کرنا چاہتے ہیں لیکن معیشت کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنا چاہتے، عید کے دنوں میں دکانوں کے اوقات یہی رہیں گے،  سرکاری سطح پر افطار عشائیہ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے افطار عشائیہ میں کوئی وزیر شرکت نہیں کرے گا،  وزیراعلیٰ سندھ اور وزراء نے اپنی سیکیورٹی سرینڈر کی ہے، ہم اپنے اخراجات کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا جہاز گراؤنڈ رہے گا وہ استعمال نہیں ہوگا، وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ خوشی سے نہیں کیا، کفایت شعاری سے بچنے والے پیسے عوام کی فلاح پر استعمال ہوں گے۔

شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ جن لوگوں کو غیر ضروری پولیس موبائل ملی ہوئی ہیں واپس لی جائیں گی، حکومت کی ترجیح ہے ایندھن کی بچت کو یقینی بنایا جائے،  کل ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اس متعلق میٹنگ کی جائے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکا عوام پر برا اثر پڑا ہے، جن ٹرانسپورٹرز نے ازخود کرائے بڑھائے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کر کے بعض کو گرفتار کیا گیا ہے۔