راولپنڈی میں لڑکی پر تشدد اور فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس اور سی سی ڈی ٹیموں نے ملزم کی تلاش تیز کر دی تھی، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
راولپنڈی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر لڑکی پر تشدد اور فائرنگ کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ ملزم کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق کشمیر سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ممکن ہوئی۔ وائرل ہونے والی فوٹیج میں ملزم کو لڑکی سے بیگ چھیننے کی کوشش کرتے، اس پر تشدد کرتے اور فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں یہ بھی نظر آتا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکو کا مقابلہ کیا اور مزاحمت جاری رکھی۔ حتیٰ کہ ملزم کے فرار ہونے پر وہ اس کے پیچھے بھی بھاگتی دکھائی دیتی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکی کمرشل مارکیٹ سے خریداری کے بعد گھر واپس جا رہی تھی۔ گلی میں ملزم نے واردات کی کوشش کی اور مزاحمت پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس اور سی سی ڈی ٹیموں نے ملزم کی تلاش تیز کر دی تھی، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔