سی ایم پنجاب آسان کاروبار کارڈ:10 لاکھ روپے قرض حاصل کرنے کا طریقہ جانیں
چھوٹے تاجروں اور کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو بڑھا سکیں یا نیا کاروبار شروع کر سکیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے چھوٹے کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے آسان کاروبار کارڈ اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت اہل افراد کو 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد صوبے میں چھوٹے تاجروں اور کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو بڑھا سکیں یا نیا کاروبار شروع کر سکیں۔
اس اسکیم کے تحت قرض کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے جبکہ ابتدائی 12 ماہ کے لیے ریوالونگ کریڈٹ سہولت دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ تین ماہ کا گریس پیریڈ بھی شامل ہے جس کے بعد قرض کی رقم 24 مساوی ماہانہ اقساط میں واپس کی جاتی ہے۔ قرض پر کسی قسم کا سود لاگو نہیں ہوتا۔
کاروباری افراد اس رقم کو مختلف کاروباری اخراجات کے لیے استعمال کر سکتے ہیں جن میں سپلائرز کو ادائیگی، یوٹیلٹی بلز، حکومتی فیسیں اور ٹیکس شامل ہیں۔ قرض کی مجموعی رقم کا 25 فیصد حصہ کاروباری ضروریات کے لیے نقد بھی نکالا جا سکتا ہے جبکہ زیادہ تر لین دین ڈیجیٹل طریقے سے کیا جاتا ہے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
اس اسکیم کے لیے درخواست دینے کے لیے چند شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔ درخواست گزار کا پاکستانی شہری ہونا ضروری ہے اور عمر 21 سے 57 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ اس کے پاس درست قومی شناختی کارڈ اور رجسٹرڈ موبائل نمبر ہونا لازمی ہے جبکہ کاروبار پنجاب میں واقع ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ درخواست گزار کی کریڈٹ ہسٹری بھی درست ہونی چاہیے اور اسے کریڈٹ اور سائیکومیٹرک جانچ کے مراحل سے گزرنا ہوتا ہے۔ ہر فرد یا کاروبار اس پروگرام کے تحت صرف ایک ہی درخواست جمع کرا سکتا ہے۔
درخواست دینے کا طریقہ کار آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جاتا ہے۔ درخواست گزار کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تیار کردہ مخصوص پورٹل پر جا کر فارم بھرنا ہوتا ہے جس میں ذاتی معلومات، شناختی کارڈ کی تفصیلات اور کاروبار سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ درخواست جمع کرواتے وقت 500 روپے کی ناقابل واپسی پراسیسنگ فیس بھی ادا کرنا ہوتی ہے۔
درخواست موصول ہونے کے بعد متعلقہ ادارے شناختی کارڈ، کریڈٹ ہسٹری اور کاروبار کے مقام کی ڈیجیٹل تصدیق کرتے ہیں۔ منظوری کے بعد آسان کاروبار کارڈ جاری کیا جاتا ہے جس کے ذریعے قرض کی رقم استعمال کی جا سکتی ہے۔ ابتدائی طور پر قرض کی حد کا 50 فیصد حصہ پہلے چھ ماہ کے دوران دستیاب ہوتا ہے جبکہ باقی رقم بروقت ادائیگی اور متعلقہ اداروں میں رجسٹریشن کے بعد فراہم کی جاتی ہے۔
اگرچہ قرض پر سود نہیں لیا جاتا تاہم کچھ انتظامی اخراجات لاگو ہوتے ہیں۔ ان میں سالانہ کارڈ فیس 25 ہزار روپے کے ساتھ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، لائف انشورنس چارجز اور کارڈ جاری کرنے کی فیس شامل ہو سکتی ہے۔ تاخیر سے ادائیگی کی صورت میں بینک پالیسی کے مطابق جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ قرض لینے والے افراد کو ذاتی ضمانت اور لائف انشورنس کوریج فراہم کرنا بھی لازمی ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ متعلقہ ٹیمیں کاروباری مقام کی فزیکل تصدیق بھی کرتی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ قرض کی رقم درست مقصد کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ چھوٹے کاروباری افراد مزید رہنمائی کے لیے متعلقہ ویب سائٹس سے فزیبلٹی اسٹڈیز حاصل کر سکتے ہیں جبکہ معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1786 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔