لاکھا روڈ ٹرین حادثے میں ایک شخص جاں بحق

حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک مکمل طور پر بند ہو گئے۔ریلوے ٹریفک متاثر

               
March 16, 2026 · قومی

نوشہروفیروز کے لاکھاروڈ ریلوے سٹیشن کے قریب اتوار کو پیش آنے والے ٹرین حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ریلوے ٹریک کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے سکھر جمشید عالم کے مطابق حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت سکھر کے رہائشی ندیم شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو مال بردار ٹرین کی آخری بوگی میں موجود تھا۔

ریلوے پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی لاش ملبے سے نکال کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے محراب پور ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے،

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک عارضی طور پر بند کیے گئے تھے، جنہیں بحال کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب شالیمار ایکسپریس نے لوپ لائن پر کھڑی مال بردار ٹرین کو عقب سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں سامان سے بھری دو بوگیاں الٹ کر ٹرین پر جا گریں۔

حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک مکمل طور پر بند ہو گئے تھے جس سے ریلوے ٹریفک متاثر ہوئی۔

تاہم بعد ازاں ریلوے انتظامیہ کے مطابق شالیمار ٹرین کو متبادل ٹریک کے ذریعے روانہ کر دیا گیا اور لاکھاروڈ سٹیشن پر موجود تمام مسافروں کو ٹرین میں بٹھا کر آگے بھیج دیا گیا۔

واقعے کے بعد ڈی ایس ریلوے سکھر جمشید عالم اور ایس ایس پی نوشہروفیروز میر روحل کھوسو موقع پر پہنچے اور ضلعی و ریلوے انتظامیہ کے ہمراہ حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا۔

متاثرہ ٹریک کو کلیئر کرنے کے لیے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔