عید قریب آتے ہی نئے کرنسی نوٹوں کی مانگ میں اضافہ
عید کے موقع پر بینکوں میں نئے نوٹ محدود تعداد اور مخصوص شرائط کے تحت دیے جا رہے ہیں
کراچی: عید کی آمد کے ساتھ ہی نئے کپڑوں اور جوتوں کے ساتھ نئے کرنسی نوٹوں کی خریداری بھی بڑھ گئی ہے۔ شہری بڑی تعداد میں عیدی دینے کے لیے تازہ نوٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عید کے موقع پر بینکوں میں نئے نوٹ محدود تعداد اور مخصوص شرائط کے تحت دیے جا رہے ہیں، جس کے باعث بہت سے لوگ اوپن مارکیٹ سے نئے نوٹ خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ شہر کی مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں بعض افراد نئے نوٹ اضافی قیمت پر فروخت کرتے بھی دیکھے جا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق 10 روپے کے نئے نوٹوں کی ایک کاپی 600 سے 700 روپے اضافی میں، 20 روپے کے نوٹوں کی کاپی 700 سے 800 روپے میں جبکہ 50 روپے کے نوٹوں کی کاپی تقریباً 1000 سے 1200 روپے اضافی میں فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح 100 روپے کے نوٹوں کی کاپی بھی 800 سے 1000 روپے اضافی قیمت پر دستیاب بتائی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر بچوں کو عیدی دینے کے لیے نئے نوٹ دینا ایک روایت بن چکی ہے، اس لیے لوگ مہنگے داموں بھی یہ نوٹ خریدنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔