اڈیالہ جیل کا سپرنٹنڈنٹ مریم صفدر کا ماتحت ملازم ہے ، شفیع جان

اڈیالہ جیل کا سپرنٹنڈنٹ نہ آئین کو مانتا ہے نہ قانون کو،وفاق کا کے پی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کر رہا ہے ،ترجمان کے پی حکومت

               
March 16, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور:خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان شفیع جان نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے رویے اور عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل انتظامیہ آئین اور قانون سے بالاتر ہو چکی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کا سپرنٹنڈنٹ اس وقت مریم صفدر کے ماتحت ملازم کے طور پر کام کر رہا ہے اور ان کی ایما پر عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑا رہا ہے۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی بانی چیئرمین سے ملاقات کے واضح احکامات دے رکھے ہیں، لیکن سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اتنا طاقتور بن چکا ہے کہ وہ نہ تو ملک کے آئین کو مانتا ہے اور نہ ہی اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کو۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جیل انتظامیہ کے اس غیر قانونی رویے کے خلاف جب توہینِ عدالت کی پٹیشن دائر کی گئی، تو اسے بھی سماعت کے لیے مقرر نہیں ہونے دیا جا رہا۔

 شفیع جان نے مزید کہا کہ ایک طرف اڈیالہ جیل کے ذریعے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے تو دوسری طرف وفاق خیبرپختونخوا کے مالیاتی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہا ہے۔ این ایف سی کی مد میں صوبے کے 4758 ارب روپے دبا لیے گئے ہیں، جبکہ مریم نواز نے 11 ارب روپے کا جہاز خرید کر عوامی ٹیکس کو اپنی ذاتی خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیا۔

انہوں نے آئی ایم ایف کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وفاق پر مسلط ٹولے کی 5300 ارب روپے کی کرپشن عالمی سطح پر ملک کے لیے باعثِ ندامت ہے۔ وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں 55 روپے کا اضافہ کر کے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے، حالانکہ وزراء کے بقول ملک میں 28 دن کا اسٹاک موجود تھا۔