ملک بھر میں عید آج منائی جا رہی ہے، کراچی میں بارش
سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، عید پر سیکورٹی کے سخت انتظامات
فوٹو مقامی مٰیڈیا
پاکستان بھر میں آج عیدالفطر روایتی مذہبی جوش و جذبے اور مسرت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ماہِ رمضان کے اختتام پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکرانے کے طور پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں نمازِ عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے۔
عید کا آغاز مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کی ادائیگی سے ہوا، جہاں لاکھوں کی تعداد میں فرزندانِ اسلام نے شرکت کی۔
اسلام آباد میں سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں اعلیٰ حکومتی شخصیات اور غیر ملکی سفیروں نے بھی نماز ادا کی۔
لاہور میں بادشاہی مسجد اور جامعہ اشرفیہ سمیت سینکڑوں مقامات پر اجتماعات ہوئے۔
کراچی میں مسجد اور دیگر بڑی مساجد میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔کراچی میں صبح سے موسلادھار بارش کے بعد مختلف علاقوں کے کھلے مقامات پر عید کی نماز ادا نہیں کی جاسکی ہے
ناظم آباد کے عید گاہ گراؤنڈ میں ہر سال ہونے والی عید نماز اس بار ممکن نا ہوسکی۔
مفتی اعظم تقی عثمانی کی امامت میں نماز پڑھیں جانی تھی
عید گاہ گراؤنڈ میں ہزاروں افراد نماز عید ادا کرتے تھے۔
نماز کے بعد خطیبوں نے عید کے فلسفے اور بھائی چارے پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ملکی ترقی، خوشحالی، امن و امان کے قیام اور خاص طور پر فلسطین و کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
عید کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس مقامات، مساجد اور عوامی مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے، جبکہ بڑے شہروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔
حکومتی رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ خوشیوں کے اس موقع پر اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں اور غریبوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل رکھیں۔