صدر زرداری۔وزیراعظم شہبازشریف کی یوم پاکستان پر قوم کو دلی مبارکباد پیش

آج ہی کے دن 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کی۔

               
March 23, 2026 · قومی

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے یوم پاکستان پر قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہی کے دن 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کی۔ علیحدہ وطن کے قیام کا نظریہ پیش کیا جہاں اسلامی اقدارکے مطابق آزادانہ طور پر زندگی گزار سکیں۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان یاد دلاتا ہے کہ قومی عزم کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اتحاد سب سے اہم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 1947 میں قیام پاکستان کے وقت ہمیں بے شمار چیلنجز کا سامنا تھا، ہم نے باہمی تعاون سے مشکلات پر قابو پایا، ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابل تسخیر بنایا، جوہری صلاحیت حاصل کی، ہم نے دہشت گردی کے خلاف طویل اور کامیاب غیرروایتی جنگ لڑی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قدرتی آفات کے دوران ایثار اور باہمی تعاون کی روشن مثالیں قائم کیں۔

صدر کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران ہم نے دشمن کی جارحیت کا بے خوفی سے مقابلہ کیا، دشمن کو ایسا سبق سکھایا جسے وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ہمیں داخلی محاذ اور بیرونی سرحدوں پر چیلنجز کا سامنا ہے۔

علاوہ ازیں اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ 23 مارچ کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ میں اہم سنگ میل ہے، 86 سال قبل برصغیر کی مسلم قیادت آزاد وطن کی بنیاد رکھنے کے لیے متحد ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ایسی ریاست کا تصور پیش کیا گیا جہاں مسلمانوں کے آئینی و سیاسی حقوق کو تخفظ حاصل ہو، 23 مارچ 1940ء کے تاریخی دن قراردادِ لاہور نے مسلمانوں کو عزم بخشا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس کے7 سال بعد 14 اگست1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا، پاکستان ہمارے اسلاف کے تدبر، عزم، استقامت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ قیامِ پاکستان کے بعد قوم نے ہر آزمائش میں غیر معمولی جذبے اور عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا، ایک نوزائیدہ ملک سے جوہری طاقت تک کا سفر استقامت اور آہنی عزم سے عبارت ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کے لیے انتھک محنت کرنا ہوگی، چیلنجز کے باوجود ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افراطِ زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے، مثبت اقتصادی اعشاریے درست سمت کا ثبوت ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کا دفاع کر رہے ہیں، آپریشن بنیانِ المرصوص میں مسلح افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں ہماری مسلح افواج نے عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، مسلح افواج نے دشمن کے عزائم ناکام بنا کر ثابت کردیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 26 فروری 2026 کو طالبان غاصب ٹولے کی بلااشتعال جارحیت کا جواب آپریشن غضبِ للحق سے دیا گیا، یہ آپریشن محض عسکری کارروائی نہیں، یہ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کا داعی ہے تاہم جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ بھی مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے، پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی پر بھی گہری تشویش رکھتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان بطور ایک ذمے دار ریاست متوازن اور فعال سفارت کاری جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مذاکرات ہی پائیدار امن کا راستہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یومِ پاکستان پر تحریکِ پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر افسران اور دلیر جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔