دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی،فیصل کریم کنڈی
جہاں کہیں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، فوری ایکشن لیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور جہاں کہیں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، فوری ایکشن لیا جائے گا۔
پشاور سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے بعد اب یہ دیکھنا ہوگا کہ صوبے اور وفاق کفایت شعاری پالیسی پر کس حد تک عمل کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اور پروٹوکول کو الگ رکھا جائے اور عوام کو حکومتی اقدامات سے باخبر رکھا جائے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر بعض برادر ممالک کی درخواست پر عارضی جنگ بندی کی گئی تھی، تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کو بارہا آگاہ کیا گیا ہے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دی جائے، جبکہ بعض عناصر خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور ملک کے امن و استحکام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔