بہنوں اور وکلا کی عمران خان سے ملاقات نہ ہوسکی

پولیس نے وکلا، اُن کے ساتھ موجود چند کارکنوں اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو گورکھپور ناکے پر روک رکھا۔

               
March 24, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں عمران خان سے فیملی ارکان اور وکلا کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی جبکہ بشریٰ بی بی کی فیملی سے کوئی ملاقات کےلیے نہیں آیا۔

بانی پی ٹی آئی کی دو بہنیں علیمہ خان اور نورین نیازی ملاقات کےلیے پہنچی تھیں، جبکہ سلمان اکرم راجا بھی اُن کے ہمراہ گورکھپورناکے پر موجود تھے۔

پولیس نے وکلا، اُن کے ساتھ موجود چند کارکنوں اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو گورکھپور ناکے پر روک رکھا۔

میڈيا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ عید کا موقع گزر گیا، ملاقات نہیں کرنے دی گئی، فیملی کو بتائے بغیر اسپتال لے جاتے ہیں، ان کا کام فیملی کو آگاہ کرنا ہے، ہمیں کیا پتا کیا علاج ہورہا ہے، ہمارے ڈاکٹرز کو بتائیں گے تو پتا چلے گا۔

نورین نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بے گناہ قید ہیں، ان پر ظلم ہورہا ہے، جیل انتظامیہ سے لے کر حکومتی اراکین تک سب اس کا حساب دیں گے۔

تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کہا کہ حکومت کی روش کے خلاف کھڑے ہيں، اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، ہر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور کھٹکھٹاتے رہیں گے، یہ پوری قوم کا فریضہ ہے وہ اپنے حقوق بحال کرائے۔