پیٹرول پمپ مالکان نے ملک بھر میں بندش کی دھمکی دے دی
پیٹرولیم سیکٹر مختلف آپریشنل، مالی مشکلات، قیمتوں میں تبدیلی اور اچانک پالیسی فیصلوں کا سامنا کر رہا ہے،مراسلہ
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے خدشات دور نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کے ہزاروں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کے لیے مراسلہ بھیج دیا ہے۔
یاد رہے کہ 6 مارچ کو بھی ایک مراسلہ بھیجا گیا تھا، لیکن ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم سیکٹر مختلف آپریشنل، مالی مشکلات، قیمتوں میں تبدیلی اور اچانک پالیسی فیصلوں کا سامنا کر رہا ہے،
اس لیے حکومت کو پالیسی سازی میں صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا چاہیے۔ ملک بھر کے 14 سے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو وہ ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے،
اور اس بندش کی صورت میں پاکستان میں شدید ایندھن بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس کی ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔