کراچی میں گارمنٹ شاپ کے منیجر کی موت کا معمہ سی سی ٹی فوٹیج سے حل
رانا ثاقب نے دکان میں گارڈ کا اسلحہ اٹھا کر سر پر رکھا اور دو تین بار ٹریگر دبایا
کراچی کے مصروف ترین تجارتی مرکز حیدری مارکیٹ میں واقع ایک معروف گارمنٹس شوروم کے مینیجر کی ہلاکت کا معمہ حل ہو گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش اور جائے وقوعہ سے ملنے والی سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج نے تصدیق کر دی ہے کہ یہ قتل نہیں بلکہ خودکشی کا واقعہ تھا۔
حیدری مارکیٹ تھانہ پولیس کے مطابق، 35 سالہ مینیجر رانا محمد ثاقب صبح سویرے دکان پر پہنچے تھے۔ منظرِ عام پر آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مینیجر دکان میں داخل ہو کر سیدھے کاؤنٹر کی جانب گئے۔ اس وقت شوروم میں عملے کا کوئی دوسرا رکن موجود نہیں تھا۔
ایس ایچ او حیدری مارکیٹ، محمد عارف کے مطابق، مینیجر نے دکان پر تعینات سکیورٹی گارڈ کا اسلحہ استعمال کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ گارڈ اس روز چھٹی پر تھا لیکن اس کا اسلحہ وہاں موجود تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رانا ثاقت نے دو تین بار ٹریگر دبایا اور پھر گولی چل گئی، جس کے بعد وہ گر گیا۔ بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ گولی چیمبر میں موجود ہونے کا اسے علم نہیں تھا۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مینیجر شدید مالی پریشانیوں اور گھریلو دباؤ کا شکار تھے، جس کے باعث انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس کی کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مدد کے لیے رابطہ کریں: پاکستان کی اہم ہیلپ لائنز
اگر آپ یا آپ کا کوئی عزیز ذہنی تناؤ، مایوسی یا کسی بھی مشکل صورتحال کا شکار ہے، تو براہ کرم درج ذیل اداروں سے رابطہ کریں تاکہ آپ کو فوری پیشہ ورانہ مدد فراہم کی جا سکے:
- ہمراز (Humraaz) ذہنی صحت ہیلپ لائن: 1166 (حکومتِ پاکستان کی مفت ہیلپ لائن)
- امنگ (Umang) پاکستان: 0333-1572815 (24/7 ماہرینِ نفسیات کی مفت مشاورت)
- روزن (Rozan) ہیلپ لائن: 0800-22444 (خواتین اور نوجوانوں کے لیے جذباتی سپورٹ)
- نیشنل یوتھ ہیلپ لائن: 0800-69457
- ٹاسکین (Taskeen): 0316-8275336
یاد رکھیں، بات کرنا ہی پہلا قدم ہے۔ آپ اکیلے نہیں ہیں۔