اپنا گھر ہر شہری کا حق، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،شہباز شریف
رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری، کم لاگت گھروں کی فراہمی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اپنا گھر ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور آسان شرائط پر رہائشی قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
شہباز شریف نے بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری معیشت کے پہیے کو حرکت دے گی اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کرے گی۔
اجلاس میں تعمیرات و رہائشی شعبے پر ٹاسک فورس اور ورکنگ گروپس کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی اور منظور شدہ اقدامات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع اور قابلِ عمل حکمت عملی مرتب کی جائے اور اس میں پبلک و پرائیویٹ سیکٹر، صوبے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہوں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خصوصی اقدامات، قانونی اصلاحات اور کم لاگت رہائشی منصوبوں کے لیے قرضوں کے نظام پر کام جاری ہے۔ بینکوں کو آئندہ مرحلے میں اہداف دیے جائیں گے جبکہ مارگیج فنانس کے مکمل ایکو سسٹم اور ڈویلپر لیڈ فنانسنگ کے جامع نظام کی تیاری بھی جاری ہے۔