راولپنڈی میں ہوائی فائرنگ کرنے پر دلہن گرفتار۔ دولہا فرار
پولیس نے واقعے کے خلاف مقدمہ اے ایس آئی وسیم اختر کی مدعیت میں درج کیا
راولپنڈی میں دلہن کو شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنا مہنگا پڑ گیا جبکہ واقعے میں ملوث دولہا فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی پولیس نے تھانہ مندرہ کی حدود میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے پر دلہن کو گرفتار کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن کی شناخت ثناء کے نام سے ہوئی ہے۔دلہن کے پاس اسلحہ بغیر لائسنس کا تھا۔
پولیس حکام نے اس بارے میں بتایا کہ شادی کی تقریب میں دلہن کی جانب سے ہوائی فائرنگ کا واقعہ گوہڑہ میں پیش آیا، پولیس نے واقعے کے خلاف مقدمہ اے ایس آئی وسیم اختر کی مدعیت میں درج کیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ہوائی فائرنگ کرنے کی اطلاع پر پولیس گوہڑہ پہنچی تو موقع پر موجود دولہا اور دلہن فرار ہوگئے، تاہم پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق گرفتار ملزمہ سے 30 بور پستول برآمد کر لیا گیا جبکہ دولہا شہریار فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔