ملک میں سیاسی استحکام کے لیے کوئی درمیانی راستہ نکالیں،محمود خان اچکزئی
پارلیمانی بالادستی، آئینی حکمرانی اور شفاف انتخابات کے حوالے سے حکومت کو باضابطہ طور پر مذاکرات کا پیغام بھجوایا گیا ہے۔
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت کو آئینی بالادستی کے قیام کے لیے مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے قومی حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس کے مطابق محمود خان اچکزئی نے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کرنے کا پیغام دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی بالادستی، آئینی حکمرانی اور شفاف انتخابات کے حوالے سے حکومت کو باضابطہ طور پر مذاکرات کا پیغام بھجوایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے دوران محمود خان اچکزئی نے حکومتی وفد پر زور دیا کہ وہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے کوئی درمیانی راستہ نکالیں، جبکہ حکومتی نمائندوں کی جانب سے بھی مثبت رویے کا عندیہ ملا ہے۔
اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ پیر کو اتحاد کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں بشمول پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کو آئینی بالادستی کے نکات پر متفق کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھ کر غیر مشروط مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دی ہے، تاہم تاحال وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان براہ راست ملاقات نہیں ہو سکی۔
اپوزیشن قیادت کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی ہم آہنگی اور آئینی عملداری کے لیے سنجیدہ مذاکرات ناگزیر ہیں۔