اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کی ملاقات۔جنگ بندی کیلئے سفارتی کوششیں تیز
اسحاق ڈار کی دعوت پر ترکیے اور مصر کے وزیرخارجہ اسلام آباد پہنچ گئے
ایران کے خلاف جنگ بند کرانے کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں، اس سلسلے میں پاکستانی وزیرخارجہ کے ساتھ سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ کی اہم نشست آج ہوگی۔مصر کے وزیر خارجہ کا دفتر خارجہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے۔ اسحاق ڈار کی دعوت پر ترکیے اور مصر کے وزیرخارجہ اسلام آباد پہنچ گئے، سعودی وزیر خارجہ آج صبح پاکستان پہنچیں گے۔ تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران سے بات چیت جاری ہے، ایمان داری اور نیک نیتی سے تنازع ختم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، دوست ممالک بھی بھرپور تعاون کررہے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قطر کے وزیراعظم سے بھی رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے خطے میں فوری کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قطر کی قیادت نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔