ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی وزیرِاعظم سے ملاقات
یران سمیت کئی برادر مسلم ممالک میں قیمتی جانوں، معیشت اور املاک کا بھاری نقصان ہو رہا ہے، کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں ، وزیر اعظم شہباز شریف
فوٹو پریس ریلیز
اسلام آباد: ترکیہ کے وزیرِ خارجہ عزت مآب جناب حکان فدان اور عرب جمہوریہ مصر کے وزیرِ خارجہ عزت مآب ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے آج شام وزیرِاعظم ہاؤس میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیرِاعظم کی معاونت نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ نے کی۔
گرم جوشی اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور عرب جمہوریہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا، اور دونوں رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ گفتگو کا بھی ذکر کیا۔
وزیرِاعظم نے معزز مہمانوں کو پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ایران سمیت کئی برادر مسلم ممالک میں جاری کشیدگی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں، معیشت اور املاک کا بھاری نقصان ہو رہا ہے، کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزرائے خارجہ نے وزیرِاعظم کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری صورتحال پر اپنے اپنے ممالک کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس مشکل وقت میں وزیرِاعظم، نائب وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔