حکومت کا اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر قائم کرنے کا اصولی فیصلہ
موجودہ حالات میں ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی مستحکم ہے جہاں ڈیزل کے 23 سے 24 دن کے کافی ذخائر موجود ہیں ، وزیر خزانہ
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کشیدہ صورت حال کے پیش نظر ملک میں توانائی کے ممکنہ بحران سے نمنٹنے کے لیے اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا اور متعلقہ حکام کو اس حوالے سے باقاعدہ فریم ورک تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک میں ایندھن کی دستیابی، درآمدی حکمتِ عملی اور عالمی منڈی کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ حالات میں ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی مستحکم ہے جہاں ڈیزل کے 23 سے 24 دن کے کافی ذخائر موجود ہیں جبکہ پیٹرول کی دستیابی بھی تسلی بخش ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ خام تیل کے تقریباً 11 دن کے لیے ذخائر موجود ہیں اور مزید کھیپ راستے میں ہیں، جن سے اپریل تک ریفائنریوں کی ضروریات پوری ہوتی رہیں گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپریل کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدی منصوبہ بندی فعال انداز میں جاری ہے اور بڑی مقدار میں سپلائی پہلے ہی مختلف تجارتی اور حکومتی معاہدوں کے تحت حاصل کی جا چکی ہے جبکہ ریفائنریوں کو مکمل استعداد کے ساتھ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ خام تیل کو زیادہ سے زیادہ ریفائن کر کے ملکی طلب پوری کی جا سکے۔اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور غیر یقینی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، جس کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی درآمدی لاگت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔