گنگا رام ہسپتال میں سکیورٹی گارڈ ڈاکٹر بن گیا

مبینہ طور پر ڈاکٹرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کی عدم موجودگی کے باعث گارڈ ہی مریضوں سے خون لینے کا کام انجام دیتا رہا

               
March 31, 2026 · قومی

لاہور کے سرکاری ہسپتال میں سنگین غفلت، سکیورٹی گارڈ مریضوں کا خون نکالتا رہا

لاہور کے معروف سرکاری ہسپتال گنگا رام ہسپتال میں طبی عملے کی مبینہ غفلت کا ایک تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک سکیورٹی گارڈ کو مریضوں کا خون نکالتے ہوئے دیکھا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گائنی ایمرجنسی کے بلڈ بینک میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ڈاکٹرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کی عدم موجودگی کے باعث گارڈ ہی مریضوں سے خون لینے کا کام انجام دیتا رہا۔ واقعے کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے، جس میں گارڈ کو طبی آلات استعمال کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ گارڈ مریضوں کے بازو پر پٹی باندھ کر خون نکالنے کی تیاری کر رہا ہے، جبکہ بلڈ بیگ لگانے کا عمل بھی اسی کے سپرد تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلڈ بینک میں بنیادی سہولیات کی بھی شدید کمی ہے اور خون نکالنے کے بعد پٹی تک دستیاب نہیں۔

مزید اطلاعات کے مطابق گائنی ایمرجنسی میں بلڈ بیگز کی قلت بھی بدستور برقرار ہے، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس واقعے نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے، جبکہ شہریوں نے فوری تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔