خدیجہ تشدد کیس، صنعتکار شیخ دانش اور ان کی اہلیہ کو سزا سنا دی گئی
ملزم شیخ دانش کو پانچ سال قید اور ایک کروڑ جرمانہ کیا گیا ہے۔ ان کی اہلیہ ماہم کو 3 سال کی سزا سنائی گئی ۔
فائل فوٹو
فیصل آباد: خدیجہ تشدد کیس میں صنعتکار شیخ دانش اور ان کی اہلیہ ملزمہ ماہم کو سزا سنا دی گئی۔
متاثرہ کی طرف سے زین قریشی ایڈووکیٹ نے کیس لڑا۔ عدالت نے ملزم شیخ دانش کو پانچ سال قید اور ایک کروڑ جرمانہ کیا گیا ہے۔ ان کی اہلیہ ماہم کو 3 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ اگست 2022 میں پیش آیا تھا جس میں میڈیکل کی طالبہ خدیجہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس کے بال اور بھنویں مونڈی گئیں اور اس سارے عمل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی گئیں۔
درج کیے گئے مقدمے کے مطابق متاثرہ طالبہ اپنی بوڑھی والدہ کے ساتھ رہتی ہے۔ جس کے دو بھائی برطانیہ اور آسٹریلیا میں مقیم ہیں۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ اِس کی اپنے اسکول کی ساتھی انا شیخ کے ساتھ دوستی اور خاندانی مراسم تھے۔ جن کے والد اور مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم شیخ دانش نے اُن کے گھر شادی کا پیغام بھیجا۔
شکایت کنندہ لڑکی کے مطابق جب اُس نے رشتہ سے انکار کیا تو ملزم اور اس کے ساتھیوں نے اسے اور اس کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے انہیں اپنے جوتے چاٹنے پر مجبور کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ان کا سر اور ایک ابرو مونڈھ دی اور ذلت آمیز سلوک کی ویڈیو بھی بنائی۔
متاثرہ لڑکی کا دعوٰی ہے کہ ملزمان نے اُسے جنسی استحصال کا نشانہ بنایا اور اس فعل کو ریکارڈ کیا۔ دھمکی دی کہ اِسے سوشل میڈیا پر شئیر کر دینگے۔