مردان: رستم میں مائننگ کے دوران تودہ گرنے سے بڑا حادثہ، 9 افرادجاں بحق
2 افراد شدید زخمی ، حالت تشویشناک ، ایک شخص تاحال لاپتہ
فوٹو امت
رستم: مردان کی تحصیل رستم میں مائننگ کے دوران پہاڑی سلائیڈنگ کے نتیجے میں خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں اب تک 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق، رستم کے پہاڑی علاقے میں مائننگ کا کام جاری تھا کہ اچانک اوپر سے ایک بڑا پہاڑی تودہ مزدوروں پر آ گرا۔ اچانک ہونے والی سلائیڈنگ کے باعث وہاں موجود مزدوروں کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق 2 افراد شدید زخمی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، ایک شخص تاحال لاپتہ ہے جس کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور ملبہ ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ہماری پہلی ترجیح لاپتہ ہونے والے شخص کو تلاش کرنا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنا ہے۔