عمران خان رہائی فورس کے حوالے سے سہیل آفریدی سے وضاحت طلب

صوبائی حکومت کو باقاعدہ نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر اپنی وضاحت پیش کرنے کی ہدایت

               
April 1, 2026 · قومی

وفاقی آئینی عدالت نے بدھ کے روز خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل افریدی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے بنائی گئی مخصوص فورس کے قیام کے معاملے پر 10 دن کے اندر اپنا جواب جمع کروائیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اس فورس کے قیام کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی اور صوبائی حکومت کو باقاعدہ نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر اپنی وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ اس قسم کی فورس کا قیام موجودہ قوانین کے ساتھ متصادم ہو سکتا ہے اور آئینی حدود سے تجاوز کرتا ہے۔ بینچ نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ کیا صوبائی کابینہ نے اس فورس کے قیام کی منظوری دی تھی جس پر وکیل نے بتایا کہ کابینہ سے کسی قسم کی اجازت حاصل نہیں کی گئی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ کسی سزا یافتہ فرد کے لیے مخصوص فورس کا قیام سنگین قانونی سوالات اٹھاتا ہے اور وفاقی حکومت کو یقینی بنانا ہوگا کہ اس معاملے میں کسی قانون کی خلاف ورزی نہ ہو۔

عدالت نے وزیر اعلیٰ سہیل افریدی کے اس بیان کو بھی نوٹ کیا جس میں انہوں نے خود کو ڈاکوؤں کے خلاف لڑنے والا قرار دیا تھا اور صوبائی حکومت سے اس بیان کی وضاحت طلب کی۔