پاکستان میں گمراہ کن اشتہارات کے خلاف بڑا ایکشن،معروف کمپنیوں پر کروڑوں روپے جرمانہ

بعض برانڈز اپنی مصنوعات کو آئس کریم ظاہر کر کے صارفین کو گمراہ کر رہے ہیں

               
April 2, 2026 · قومی

پاکستان میں گمراہ کن اشتہارات کے خلاف بڑا ایکشن، معروف کمپنیوں پر کروڑوں روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے منجمد ڈیزرٹس کو “آئس کریم” کے طور پر فروخت کرنے پر دو بڑی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کر لیا۔

یہ معاملہ ایک مقامی کمپنی کی شکایت پر سامنے آیا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ بعض برانڈز اپنی مصنوعات کو آئس کریم ظاہر کر کے صارفین کو گمراہ کر رہے ہیں، حالانکہ وہ درحقیقت فروزن ڈیزرٹس ہیں۔

تحقیقات کے بعد کمیشن نے فیصلہ دیا کہ متعلقہ کمپنیوں نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غلط معلومات پر مبنی اشتہارات نشر کیے۔ ابتدائی طور پر دونوں کمپنیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے، جبکہ ایک کمپنی کو اپنی مصنوعات کو زیادہ صحت بخش ظاہر کرنے پر اضافی جرمانہ بھی کیا گیا۔

حکام کے مطابق کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر گمراہ کن اشتہارات بند کریں اور اپنی مصنوعات کی درست معلومات صارفین کے سامنے پیش کریں۔

اس فیصلے کو مسابقتی اپیل ٹریبونل نے بھی برقرار رکھا، جس سے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اداروں کے اختیار کو مزید مضبوطی ملی ہے۔