اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کے امکانات
موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری تک جانے کا امکان ہے
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 4 اپریل تک بارش اور ژالہ باری کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرج چمک، تیز ہوائیں اور وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ شہر میں اس وقت بادل چھائے ہوئے ہیں اور ہواؤں کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں جیسے سرجانی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، شاہراہ فیصل، کارساز، اسٹیڈیم، ایئرپورٹ، ملیر، ماڈل کالونی، صدر، ایم اے جناح روڈ اور کلفٹن میں ہلکی بارش جاری ہے۔
اسلام آباد میں آج جزوی ابر آلودگی کے ساتھ شام اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ گزشتہ دنوں بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی دیکھی گئی ہے، صبح کے اوقات میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ دن کے دوران زیادہ سے زیادہ 28 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہواؤں کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد سے زائد ہے۔
کے پی کے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان بھی موجود ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن بھر بادلوں اور دھوپ کی آمیزش جاری رہے گی، بارش کے امکانات 10 فیصد ہیں۔ موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، زیادہ سے زیادہ 34 اور کم سے کم 21 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہواؤں کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی 40 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔