پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یومِ آٹزم آگاہی منایا جا رہا ہے

یہ دن آٹزم سے متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے مسائل کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں شعور پیدا کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

               
April 2, 2026 · قومی

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 2 اپریل کو عالمی یومِ آٹزم آگاہی منایا جا رہا ہے۔ یہ دن آٹزم سے متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے مسائل کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں شعور پیدا کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2007 میں باضابطہ طور پر یہ دن منظور کیا تاکہ دنیا بھر میں آٹزم کے بارے میں آگاہی بڑھائی جا سکے اور متاثرہ افراد کے حقوق کو تسلیم کیا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق آٹزم ایک نیورولوجیکل عارضہ ہے جو انسان کے سماجی روابط، بات چیت اور رویے پر اثر انداز ہوتا ہے۔ آٹزم سے متاثرہ افراد کو دوسروں سے بات چیت کرنے، جذبات کے اظہار اور حالات کو سمجھنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ یہ عارضہ کسی بھی نسل، علاقے یا سماجی حیثیت سے تعلق رکھنے والے افراد کو متاثر کر سکتا ہے اور دنیا بھر میں اس کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

عالمی یومِ آٹزم آگاہی کے موقع پر مختلف ممالک میں سیمینار، آگاہی واکس اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ نیلے رنگ کو آٹزم کی علامت کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور مشہور عمارتیں نیلی روشنیوں سے روشن کی جاتی ہیں تاکہ اس مسئلے پر توجہ مبذول کرائی جا سکے۔

ماہرین والدین اور اساتذہ سے کہتے ہیں کہ وہ آٹزم کے بارے میں بنیادی معلومات حاصل کریں اور متاثرہ بچوں کے لیے دوستانہ اور سپورٹیو ماحول فراہم کریں تاکہ وہ بھی ایک خوشگوار زندگی گزار سکیں۔ عالمی یومِ آٹزم آگاہی کا مقصد دنیا بھر میں مثبت رویہ اپنانا اور آٹزم کے شکار افراد کی صلاحیتوں کو سراہنا ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔