کے پی کے طلباء کیلئے آئی ایس پی آر کا ونٹر انٹرن شپ پروگرام جاری

شرکاء نے کیڈٹس کے اعلیٰ نظم و ضبط، محنت اور جذبۂ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

               
April 2, 2026 · قومی

پشاور: خیبر پختونخواہ کی جامعات کے طلباء کیلئے آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام ونٹر انٹرن شپ پروگرام جاری ہے، جس کے تحت طلباء کو پاک فوج کے پیشہ ورانہ نظام سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پروگرام میں شریک طلباء نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کا دورہ کیا، جہاں انہیں عسکری تربیت، نظم و ضبط اور قیادت سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

طلباء کو پاک فوج کی تاریخ، کردار اور قومی دفاع میں ادا کی جانے والی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ کیڈٹس کی پیشہ ورانہ تربیت اور حب الوطنی کے جذبے کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

شرکاء نے کیڈٹس کے اعلیٰ نظم و ضبط، محنت اور جذبۂ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر طلباء کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو دیکھ کر ان کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے، اور وہ بھی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔