9 اپریل کو لیاقت باغ میں جلسہ کریں گے، این او سی نہ ملا تو ہر جگہ احتجاج ہوگا، سہیل آفریدی

س بار کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور بھرپور مزاحمت کی جائے گی، پریس کانفرنس

               
April 2, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام اباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 9 اپریل کو راولپنڈی کے تاریخی مقام لیاقت باغ میں عظیم الشان جلسے اور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر، ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک اور چیف سیکریٹری کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس بار کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جلسے کے انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے باقاعدہ این او سی (NOC) حاصل کرنے کے لیے وکلاء پر مشتمل ایک قانونی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو فوری طور پر رجوع کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پُرامن احتجاج اور جلسہ کرنا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے جس سے ہمیں محروم نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعلیٰ نے پارٹی کارکنوں کو 9 اپریل کے لیے بھرپور تیاریوں کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کا اجتماع ایک تاریخی عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پُرامن رہنا چاہتے ہیں لیکن اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران سہیل آفریدی نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ “اگر جلسے کے لیے این او سی جاری نہ کیا گیا یا کارکنوں کے راستے میں کنٹینرز لگا کر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، تو جہاں جس کارکن کو روکا جائے گا، وہیں جلسہ اور احتجاج شروع کر دیا جائے گا۔”