’مارکہ حق‘ یاد رکھو! خواجہ آصف کا راج ناتھ سنگھ کو کرارا جواب
بھارت کی چیخیں اسٹریٹجک بے چینی کا ثبوت ہیں، اگلا وار پہلے سے زیادہ خوفناک ہوگا ، پاکستانی وزیر دفاع
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیانات کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار کی بیان بازی طاقت نہیں بلکہ بھارت کی واضح “اسٹریٹجک بے چینی” کی عکاسی کرتی ہے۔
ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع نے بھارت کو خبردار کیا کہ دو ایٹمی ریاستوں کے درمیان جنگ کی گنجائش کا وہم رکھنا ناقابل تصور ہے اور اس کے نتائج انتہائی بھیانک ہو سکتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پہلگام میں کیے گئے اسٹیجڈ “فالس فلیگ آپریشن” کی برسی قریب آتے ہی بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا واقعہ تھا جو عالمی سطح پر اپنی ساکھ کھو چکا ہے اور اس نے نئی دہلی کے اس طریقہ کار کو بے نقاب کر دیا ہے جس میں وہ اپنی بقا کے لیے من گھڑت بحرانوں کا سہارا لیتا ہے۔
بھارتی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ کسی بھی غلط فہمی یا غلط اندازے کے نتائج ہمیشہ سنگین نکلتے ہیں۔ بھارت کو “مارکہ حق” (27 فروری کا واقعہ) نہیں بھولنا چاہیے۔اگر دوبارہ ایسی کوشش کی گئی تو ہمارا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور فیصلہ کن ہوگا۔
وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے، لیکن ملکی خودمختاری کے دفاع کے معاملے میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا، “پاکستان کی تیاری مکمل ہے اور ہمارا جواب فوری، نپا تلا اور فیصلہ کن ہوگا، ان شاء اللہ۔”
خواجہ آصف نے راج ناتھ سنگھ کو مشورہ دیا کہ بھارت دوسروں کو دھمکانے کے بجائے اپنی اسٹریٹجک اور سفارتی ناکامیوں اور ملک کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی پر توجہ دے۔