چینی سفیر کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات، علاقائی امن اور پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال
پاک چین دوستی ہر قسم کے حالات میں نہ صرف قائم رہی ہے بلکہ مزید پھلی پھولی ہے، گفتگو
فوٹو سوشل میڈیا
اسلام آباد : پاکستان میں متعین چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سربراہ جمعیت علما اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و امان، اور دوطرفہ تعلقات سمیت عالمی سیاسی منظرنامے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جارحانہ اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے عالمی قوانین اور ایران کی قومی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔
انھوں نے مزید کہاکہ اگر فوری طور پر جنگ بندی نہ ہوئی تو اس کے معاشی اثرات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ یورپ اور پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔خطے کو جنگ سے بچانے کے لیے تمام فریقین کو پرامن ذرائع استعمال کرنے پر زور دیا گیا۔
چینی سفیر اور مولانا فضل الرحمٰن نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین دوستی ہر قسم کے حالات میں نہ صرف قائم رہی ہے بلکہ مزید پھلی پھولی ہے۔”سی پیک اور امن و امان کے حوالے سے جے یو آئی اور چین کی سوچ میں ہم آہنگی خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔”
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کا کہنا تھا کہ ہم باہم مل کر اس خطے کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے جے یو آئی کے مثبت کردار کو سراہا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کی خواہش رکھتی ہے۔
مولانا نے کہاکہ چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور جمعیت علماء اس سلسلے میں اپنا تاریخی کردار آئندہ بھی ادا کرتی رہے گی۔تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات ہی خطے میں خوشحالی کی ضمانت ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے چینی سفیر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر غیر رسمی گفتگو کا سلسلہ بھی جاری رہا۔