پٹرول قیمتوں میں اضافے پر جماعت اسلامی کا آج سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

پیٹرول کی قیمت 458 روپے تک پہنچانا ظلم ہے۔یہ اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

               
April 3, 2026 · قومی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام پر “پیٹرول بم” قرار دے دیا۔ اور آج سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 458 روپے تک پہنچانا ظلم ہے اور یہ اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت مسلسل مہنگائی کا بوجھ غریب اور مڈل کلاس پر ڈال رہی ہے، پہلے 55 روپے اور پھر 137 روپے کا اضافہ عوام پر ظلم کی انتہا ہے۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے غریب اور متوسط طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور انہیں زندہ درگور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیاں کم کرنے کو تیار نہیں، مہنگے جہاز اور گاڑیاں عوام پر بوجھ ہیں۔ پیٹرول مہنگا ہونے سے بائیکرز، ڈیلیوری ورکرز، طلبہ اور مزدور سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، جبکہ حکومت نے صرف پیٹرول ہی نہیں بلکہ ٹیکسز میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، لیکن حکومت نے اس کے برعکس عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کے بجائے عوام کو ریلیف دیا جائے، جبکہ آئی پی پیز کو اربوں روپے کی ادائیگیاں جاری ہیں اور کیپیسٹی پیمنٹس کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ باہر نکلیں اور حالات بدلنے کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوامی دباؤ کے ذریعے اپنے فیصلے واپس لینے پر مجبور کیا جائے گا۔