ملک میں فائیو جی کی سروس کے نفاذ کا روڈ میپ جاری
پہلے مرحلے کے تحت 2028 تک اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں فائیو جی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
اسلام آباد: وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی نے ملک بھر میں فائیو جی سروس کے نفاذ کے لیے 10 سالہ روڈ میپ پیش کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے کے تحت 2028 تک اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں فائیو جی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں 2028 سے 2030 تک دس مزید شہروں میں فائیو جی کی توسیع ہوگی، جبکہ تیسرے مرحلے میں 2030 سے 2032 تک مزید دس شہروں میں سروس دستیاب ہوگی۔
چوتھے اور آخری مرحلے میں 2032 سے 2035 تک پندرہ مزید شہروں میں فائیو جی کا پھیلاؤ کیا جائے گا، ہر صوبے سے کم از کم دو شہروں کو شامل کیا جائے گا۔
حکام نے کہا کہ موبائل کمپنیوں کے لیے ہر سال فورجی اور فائیو جی کی ایک ہزار نئی سائیٹس قائم کرنا لازمی ہوگا تاکہ ملک بھر میں جدید اور تیز رفتار ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔