کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی
آج شام کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ صوبہ بلوچستان کے مغربی اضلاع میں داخل ہوگا۔
کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آج شام کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ صوبہ بلوچستان کے مغربی اضلاع میں داخل ہوگا۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ 9 اپریل تک ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر بلوچستان کے علاقوں پنجگور، گوادر، پسنی، تربت، خضدار، قلات، کوئٹہ اور ژوب میں آج سے 7اپریل تک بارش ہوگی۔
بلوچستان کے دیگر علااقوں بشمول بارکھان، لسبیلہ، کوہلو اور نصیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں بھی 6 سے 9اپریل کے دوران بارشیں ہوں گی۔
بارش سے متوقع طور پر متأثر ہونے والے دیگر شہروں میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔