وفاقی وزیر داخلہ بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے ہوئے اکابرین سے ملاقات

ملاقات میں مولانا امجد فاروق، مولانا عامر، انوار غنی، امتیاز غنی، مولانا مدثر شاہین اور دیگر اکابرین بھی موجود تھے۔ 

               
April 5, 2026 · قومی

 

رائیونڈ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رائیونڈ کے عالمی تبلیغی مرکز میں بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے ہوئے اکابرین سے ملاقات کی اور دین اسلام کی تبلیغ میں ان کی خدمات کو سراہا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سالانہ تبلیغی اجتماع کے انعقاد میں وزارت داخلہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور غیر ملکی وفود کو ویزا کے حصول میں آسانی فراہم کی جائے گی، اس سلسلے میں اسپیشل کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔

غیر ملکی اکابرین نے ویزوں کے اجراء میں وزیر داخلہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزارت داخلہ کی کوششوں کی وجہ سے اس بار ویزا کے معاملات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی۔ بنگلہ دیش کے اکابرین نے وزیر داخلہ کو اپنے ملک میں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد، حق و سچ کی سربلندی اور پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ ملاقات میں مولانا امجد فاروق، مولانا عامر، انوار غنی، امتیاز غنی، مولانا مدثر شاہین اور دیگر اکابرین بھی موجود تھے۔