پاکستان نے افغان ترجمان کے دعوؤں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے کر مسترد کر دیا

حمد اللہ فطرت اور حکومت کے دیگر کارندے باقاعدگی سے جعلی، پرانی اور 'AI' (مصنوعی ذہانت) سے تیار کردہ ویڈیوز پھیلا رہے ہیں، وزارت اطلاعات

               
April 5, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان حکومت کے نام نہاد ترجمان حمد اللہ فطرت کے حالیہ بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں “جھوٹ کا پلندہ” اور پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات کے فیکٹ چیک ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں صرف ‘فتنة الخوارج’ اور دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان درست فضائی حملوں، دہشت گردوں کی چوکیوں کی تباہی اور ہلاک و زخمی ہونے والے خوارج کی تفصیلات باقاعدہ ویڈیو کلپس کے ساتھ جاری کی جاتی رہی ہیں، تاکہ حقائق سب کے سامنے رہیں۔

بیان میں افغان طالبان کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ دنیا گواہ ہے کہ کس طرح بھارت کی شہ یافتہ افغان طالبان حکومت اور ان کے سہولت کار پاکستان میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

وزارت نے حال ہی میں بنوں کے علاقے ڈومیل میں ہونے والے بزدلانہ حملے کا حوالہ دیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 10 شہری شہید ہوئے تھے۔

بیان میں آج (5 اپریل) وزیر داخلہ بلوچستان کی پریس کانفرنس کا بھی ذکر کیا گیا، جس میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے ناقابلِ تردید ثبوت پیش کیے گئے ہیں۔

وزارتِ اطلاعات نے زور دیا کہ افغانستان کے اندر دہشت گرد قیادت کی موجودگی اور درجنوں دہشت گرد گروہوں کی پناہ گاہیں اب ایک “حقیقت” بن چکی ہیں، جس کی تصدیق اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی متعدد رپورٹس بھی کر چکی ہیں۔

بیان کے آخر میں کہا گیا کہ حمد اللہ فطرت اور حکومت کے دیگر کارندے باقاعدگی سے جعلی، پرانی اور ‘AI’ (مصنوعی ذہانت) سے تیار کردہ ویڈیوز پھیلا رہے ہیں، جن کا مقصد صرف اپنے “بھارتی آقاؤں” کو خوش کرنا اور عالمی سطح پر گمراہ کن پراپیگنڈا کرنا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔