مفت سفری سہولت، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو اور الیکٹرک بسوں میں رش بڑھ گیا
شہریوں کو شناختی کارڈ جبکہ طلبہ کو اسٹوڈنٹ کارڈ دکھانے پر مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے
حکومت پنجاب کی جانب سے مفت سفری سہولت فراہم کیے جانے کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو اور الیکٹرک بس سروسز میں مسافروں کا رش نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔
حکام کے مطابق ریڈ میٹرو بس سروس میں روزانہ مسافروں کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے،
جبکہ مختلف فیڈر روٹس پر چلنے والی گرین الیکٹرک بسوں میں یومیہ رائیڈرشپ 40 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔ اس طرح دونوں سروسز پر مجموعی طور پر روزانہ ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد شہری سفر کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شہریوں کو شناختی کارڈ جبکہ طلبہ کو اسٹوڈنٹ کارڈ دکھانے پر مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے باعث عوام کی بڑی تعداد ان سروسز سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔
حیران کن طور پر ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کے باوجود بھی جڑواں شہروں کے درمیان مسافروں کی تعداد میں کمی نہیں آئی اور ایک دن میں تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار افراد نے سفر کیا۔
گرین الیکٹرک فیڈر بسوں میں بھی شدید رش دیکھنے میں آیا، جہاں ایک ہی دن میں 40 ہزار سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سروسز کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔