فیس بک پردوستی کے جھانسے میں سافٹ ویئر انجینئر 2.36 کروڑسے محروم

شکایت پر سائبرآباد سائبر کرائم پولیس نے ہفتہ کے روز مقدمہ درج کر لیا۔ متاثرہ شخص ویربھدر راؤ، جو حیدرآباد کے کونڈاپور علاقے میں رہائش پذیر ہیں

               
April 6, 2026 · قومی

حیدرآباد: فیس بک پر خاتون کے نام سے دوستی کرنے والے نامعلوم افراد کے جھانسے میں آ کر ایک سافٹ ویئر انجینئر 2.36 کروڑ روپے سے محروم ہو گیا۔ جعلی “فیس بک اسٹور” کے ذریعے خرید و فروخت میں بھاری منافع کا لالچ دے کر تقریباً ساڑھے تین ماہ کے دوران یہ رقم منتقل کروائی گئی۔

متاثرہ شخص کی شکایت پر سائبرآباد سائبر کرائم پولیس نے ہفتہ کے روز مقدمہ درج کر لیا۔ متاثرہ شخص ویربھدر راؤ، جو حیدرآباد کے کونڈاپور علاقے میں رہائش پذیر ہیں، نے گزشتہ سال اگست میں فیس بک پر ایک فرینڈ ریکویسٹ موصول کی۔ “کورا” نامی خاتون نے خود کو سنگاپور کی رہائشی اور ممبئی میں ملازمت کرنے والی بتایا۔ چند دن کی چیٹنگ کے بعد انہوں نے فون نمبر بھی شیئر کیے۔

خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس کے بیرونِ ملک کئی دوست ہیں، اور اسے فیس بک گروپ میں شامل کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے دوست “فیس بک اسٹور” میں سرمایہ کاری کر کے بھاری منافع کما رہے ہیں۔ ابتدائی انکار کے بعد ویربھدر راؤ جھانسے میں آ گئے اور خاتون نے انہیں ایک لنک اور بعد میں ایک اے پی کے فائل بھیجی، جسے ڈاؤن لوڈ کرنے پر موبائل میں فیس بک جیسی ایپ نمودار ہوئی۔

بعد ازاں جرمنی میں مقیم مبینہ دوست “بیلا” کے نمبر کے ذریعے رہنمائی لینے کو کہا گیا۔ بیلا کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ویربھدر راؤ یکم ستمبر سے 12 دسمبر کے درمیان کرپٹو والیٹ کے ذریعے مجموعی طور پر 2.36 کروڑ روپے منتقل کر دیے۔ اگرچہ ایپ میں منافع ظاہر کیا جاتا رہا، لیکن اصل رقم نکالنے کی اجازت نہ دی گئی۔ کئی ماہ کی کوشش کے باوجود رقم اور منافع نہ ملنے پر متاثرہ شخص نے سائبر کرائم پولیس سے رجوع کیا۔