اسلام آباد سیف سٹی منصوبہ اپگریڈ،کیپٹل سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنےکا فیصلہ

جاری کام ہر صورت 30 مئی تک مکمل کیا جائے۔پولیسنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کو ایک مربوط نظام کے تحت یکجا کیا جائے گا

               
April 6, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کو اپگریڈ کر کے کیپٹل سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں سیف سٹی منصوبے کے فیز ٹو پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ جاری کام ہر صورت 30 مئی تک مکمل کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیسنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کو ایک مربوط نظام کے تحت یکجا کیا جائے گا۔

محسن نقوی کے مطابق کیپٹل سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ٹریفک کنٹرول سے لے کر جرائم کی روک تھام تک جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس میں سیف سٹی ہیڈکوارٹر کے نئے ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیز ٹو کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ 152 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک کیبل بچھائی جا چکی ہے اور جدید کیمروں کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔

حکام کے مطابق فیز ٹو کے باقی کام کو جلد مکمل کر کے ٹیسٹنگ مرحلہ شروع کیا جائے گا، جبکہ منصوبے کے تحت شہر کی سکیورٹی اور مانیٹرنگ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔