سانحہ گل پلازہ:جوڈیشل کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ حکومت سندھ کے سپرد
رپورٹ چیف سیکریٹری کو پیش کی جائے گی، جس کے بعد اسے عوام کے سامنے لانے یا نہ لانے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔ سیکریٹری قانون
کراچی: سانحہ گل پلازہ سے متعلق جوڈیشل کمیشن نے اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ حکومت سندھ کے حوالے کر دی ہے۔
کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل نے رپورٹ سیکریٹری قانون کے سپرد کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کے ارکان نے بھرپور محنت سے کام کیا جبکہ میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ سیکریٹری قانون کے مطابق رپورٹ چیف سیکریٹری کو پیش کی جائے گی، جس کے بعد اسے عوام کے سامنے لانے یا نہ لانے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔
یاد رہے کہ گل پلازہ میں 17 جنوری 2026 کو لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں 73 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں کئی افراد کی لاشیں مکمل حالت میں جبکہ متعدد کی باقیات برآمد ہوئیں۔
سندھ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 10 فروری کو جوڈیشل کمیشن قائم کیا تھا، جس نے مختلف مراحل میں متاثرین، امدادی اداروں، فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیموں، نجی اداروں، پولیس حکام، صحافیوں اور عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کیے۔
تحقیقات کے دوران تکنیکی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے بھی جرح کی گئی، جبکہ متعدد اعلیٰ حکام نے بھی کمیشن کے سامنے پیش ہو کر اپنے بیانات دیے۔ رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے تعین اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اہم فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔