ایبٹ آباد میں سی این جی بحال، اسٹیشنز پر لمبی قطاریں
لاری اڈہ، منڈی موڑ، سربن چوک، سیٹھی مسجد اور دیگر اہم مقامات پر واقع سی این جی اسٹیشنز کے باہر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں
ایبٹ آباد (نوید اکرم عباسی) ایبٹ آباد میں جاری سی این جی گیس بحران کی صورت حال گزشتہ 4 تا 5 روز سے جاری سی این جی گیس کی بندش کے بعد آج صبح سے شہر بھر کے تمام سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے ہیں اور گیس کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

سی این جی کی بحالی کے باعث لاری اڈہ، منڈی موڑ، سربن چوک، سیٹھی مسجد اور دیگر اہم مقامات پر واقع سی این جی اسٹیشنز کے باہر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق کی ہدایات پر انسپکٹر ٹریفک وسیم خان دیگر اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں۔ ٹریفک کی بہتری کے لیے تمام سی این جی اسٹیشنز کے باہر کونز لگا کر نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو بحال رکھا جا سکے۔

عوام الناس سے اپیل ہے کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، لائن ڈسپلن کا خیال رکھیں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔