حکومت نے موٹر سائیکل سبسڈی کے لیے موبائل ایپ لانچ کر دی

اہل افراد فوری طور پر رجسٹریشن کر کے سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں۔

               
April 7, 2026 · قومی

حکومت نے موٹر سائیکل سبسڈی کے لیے موبائل ایپ لانچ کر دی، اہل افراد فوری طور پر رجسٹریشن کر کے سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایندھن پر رعایت دینے کی اسکیم کے تحت موبائل ایپ لانچ کر دی گئی ہے، جس کے ذریعے اہل شہری اپنی اہلیت فوری طور پر چیک کر سکیں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبے سے وابستہ افراد کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق، ابتدائی مرحلے میں صرف 70 سی سی موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو سبسڈی دی جائے گی، جبکہ 70 سی سی سے زائد موٹر سائیکلیں اہل نہیں ہوں گی۔ اہل افراد کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

اسحاق ڈار نے حکام کو ہدایت کی کہ سبسڈی کا نظام شفاف، سادہ اور عوام کے لیے آسان بنایا جائے اور اسکیم کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے شہری بھی اس ریلیف سے مستفید ہو سکیں۔ شہری موبائل ایپ پر اپنا شناختی کارڈ درج کر کے فوری اہلیت جانچ سکتے ہیں۔