ترک ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کی نیول ہیڈ کوارٹرز آمد، نیول چیف سے اہم ملاقات
ملاقات میں دونوں ممالک نے مشترکہ فوجی مشقوں اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فوٹو پریس ریلیز
اسلام آباد: ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف، جنرل لیونٹ ایرگون (General Levent ERGÜN) نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے اہم ملاقات کی۔
ترجمان پاک بحریہ (ISPR) کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور خاص طور پر اسرائیل، امریکہ اور ایران کے حالیہ تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونے والی علاقائی بحری سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے مشترکہ فوجی مشقوں اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطے میں بحری امن برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل لیونٹ ایرگون نے بحری سیکیورٹی کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔
ترجمان کے مطابق ترک ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہری تزویراتی شراکت داری (Strategic Partnership) کا عکاس ہے، جو خطے میں بحری استحکام اور امن کو یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔