لیاقت باغ میں جلسے سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

موجودہ حالات میں کسی بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد سیکیورٹی کے لحاظ سے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے

               
April 8, 2026 · قومی

راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کی پی ٹی آئی  درخواست مسترد کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس درخواست کا جائزہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کے اجلاس میں لیا گیا، جہاں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کسی بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد سیکیورٹی کے لحاظ سے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر لیاقت باغ جیسے حساس مقام پر۔ حکام کے مطابق ایسے پروگرام کے لیے وسیع سیکیورٹی اور انتظامی وسائل درکار ہوتے ہیں، جن کی فراہمی اس وقت ممکن نہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ توانائی بحران اور حکومتی کفایت شعاری پالیسی کے باعث بھی اتنے بڑے پیمانے پر وسائل مختص کرنا مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بڑے اجتماعات کے لیے درکار لاجسٹک، مالی اور انتظامی سہولیات فراہم کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔