ایرانی وفدکی بحفاظت پاکستان آمد کے لیے پاک فضائیہ کا حصار

بندر عباس کی فضاؤں میں جے ایف-17 تھنڈر کی گونج، ایرانی اسپیکر کی پاکستان آمد، پاک فضائیہ نے ’حفاظتی ڈھال‘ بنا لی۔

               
April 9, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد / تہران: خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور کسی بھی ممکنہ بیرونی مہم جوئی کے پیش نظر پاکستان ایئر فورس (PAF) نے ایرانی وفد کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ایران اور خلیج فارس کی فضائی حدود میں ایک مضبوط ’حفاظتی حصار‘ قائم کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر اور دیگر جدید ترین لڑاکا طیاروں نے ایرانی شہر بندر عباس کے اوپر پروازیں شروع کر دی ہیں تاکہ ایرانی وفد کو لے جانے والے طیارے کو بحفاظت پاکستانی حدود تک پہنچایا جا سکے۔ اس مشن میں پاکستان کے جدید فضائی نگرانی کے نظام (AWACS) کی بھی معاونت حاصل ہے، جو خلیج فارس اور گرد و نواح کی فضائی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ غیر معمولی اقدامات اسرائیل کی جانب سے کسی بھی ممکنہ مداخلت یا ’مس ایڈونچر‘ کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ پاکستان نے واضح پیغام دیا ہے کہ ایرانی وفد کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ایران سے لے کر پاکستان تک ایک سیکیورٹی کوریڈور تشکیل دے دیا گیا ہے۔

ایرانی وفد، جس کی قیادت ممکنہ طور پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کر رہے ہیں، آج رات گئے اسلام آباد پہنچے گا۔ یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ایرانی وفد کی اسلام آباد میں امریکی حکام کے ساتھ اہم مذاکرات کی توقع ہے، جس کا مقصد خطے میں جاری تناؤ کو کم کرنا اور سفارتی حل تلاش کرنا ہے۔