سابق گورنر پنجاب سردارذوالفقار کھوسہ انتقال کرگئے

کافی عرصہ سے علیل تھے۔نمازجنازہ آج آبائی علاقے میں ادا کی جائے گی

               
April 10, 2026 · قومی

سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔

سردار ذوالفقار کھوسہ کافی عرصے سے علیل تھے،ان کی میت آبائی شہر ڈیرہ غازی خان منتقل کی جائے گی۔نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔

اہل خانہ کے مطابق ذوالفقار کھوسہ کچھ عرصے سے لاہورکے اسپتال میں زیر علاج تھے، ان کی عمر 90 سال تھی۔

ذوالفقار کھوسہ 1962 میں پہلی بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ بیشتر زندگی مسلم لیگ میں رہے۔

وہ متعدد مرتبہ صوبائی وزیر،مشیر،سینیٹر، گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز رہے۔ 2018 کے انتخابات سے قبل وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔

ذولفقار کھوسہ نوازشریف کے جلا وطنی کے دور میں پنجاب کے مسلم لیگ ن کے صدر بھی رہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف ،سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ذوالفقار کھوسہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، وزیراعلی ٰ پنجاب مریم نواز نے سوگوار خاندان سے اظہارہمدردی و تعزیت کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی خان کھوسہ ایک انتہائی دیانتدار، شریف النفس، زیرک اور مدبر سیاستدان تھے، میرے ان سے ذاتی تعلقات تھے، ان سے ہمیشہ محبت اور شفقت ملی۔