سندھ بھر میں دکانوں، ہوٹلز اور ہالز کے اوقات کار تبدیل
ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹس۔شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہونگے
سندھ میں کفایت شعاری پالیسی کے تحت نئے اوقات کار نافذ کر دیے گئے ہیں۔
سندھ حکومت کے مطابق صوبے میں مارکیٹس، ہوٹلز اور شادی ہالز کے نئے اوقات کار نافذ کردیے گئے ہیں۔
ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
اس حوالے سے حکومتِ سندھ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات ہفتے کے ساتوں دن نافذ العمل ہوں گے۔ تندور، دودھ کی دکانیں، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پیٹرول پمپس ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلز اور فوڈ آؤٹ لیٹس شام 7 بجے سے رات ساڑھے 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی، ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کوئی پابندی عائد نہیں ہو گی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8 بجے سے 12 بجے تک تقریبات کی اجازت ہو گی۔