اسلام آباد میں سخت سکیورٹی اقدامات کے تحت ٹریفک ڈائیورژن پلان نافذ
ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ متعدد اہم شاہراہوں پر آمدورفت معطل ہے۔
اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے موقع پر سخت سکیورٹی اقدامات کے تحت ٹریفک ڈائیورژن پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ متعدد اہم شاہراہوں پر آمدورفت معطل ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کشمیر چوک سے کلب روڈ کے ذریعے زیرو پوائنٹ تک سرینگر ہائی وے بند رہے گی۔ اسی طرح زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک تک کا راستہ، شکرپڑیاں روڈ (چاند تارہ چوک سے سیونتھ ایونیو تک)، جناح ایونیو (خیابان چوک سے بلیو ایریا تک) اور مارگلہ روڈ (فیصل چوک سے ٹریل تھری تک) بھی بند کر دی گئی ہیں۔
ایکسپریس ہائی وے زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔ 11 اور 12 اپریل کو شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
شہریوں کے لیے متبادل راستے بھی جاری کیے گئے ہیں۔ پشاور سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک کے لیے بھی انہی متبادل راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے اور جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا جبکہ بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہریوں کو کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ توسیعی ریڈ زون میں موجود تمام سرکاری اور نجی دفاتر اور مارکیٹس بھی بند رہیں گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ایران کے اعلیٰ سطحی وفد کی آمد کے باعث سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں۔